وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور ،الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبوں سے متاثر

پشاور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے الخدمت فاؤنڈیشن کے آغوش مراکز کے لئے سرکاری زمین دینے کا بڑا اعلان کر دیا،صوبائی حکومت کی جانب سے یتیموں کے لئے ان مراکز کی تعمیر کے حوالے سے مالی امداد بھی دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کی دعوت پر پشاور میں یتیم بچوں کے لئے قائم آغوش مرکز کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے فلاحی بالخصوص یتیم بچوں کے لئے منصوبوں سے پہلے ہی سے آگاہ ہوں۔ میرے اپنے آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان اس قسم کا مرکز موجود ہے اور میں وہاں وقتاً فوقتاً دورہ کرتا رہتا ہوں۔

یہاں بلانے پر میں شکرگزار ہوں۔میرے ساتھ اچھائی کی گئی ہے یہاں آنا میرے لئے فخر کی بات ہے۔ مجھے ایسا موقع فراہم کیا گیا ہے کہ شاید میری زندگی ، آخرت میں یہ لمحات کام آئیں کہ ایسے لمحوں میں ایسے لوگوں اور یتیم بچوں کے ساتھ تھا۔ ایسے لوگوں اور بچوں میں بیٹھنے  سے سکون ملتا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد لوگوں کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنا چاہیئے ۔جب لوگ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجاتے ہیں تو قومیں بھی اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجاتی ہیں  یہی ہمارا مقصد ہمارامشن ہمارا ایجنڈا ہے اس حوالے سے کام کرنا ہے آغوش مراکز کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے ۔ صوبے میں جہاں سرکاری زمین چاہیے ہمیں بتائیں ہر تعاون کروں اضلاع کی نشاندہی کریں وہاں غریبوں کے لئے ہسپتال یتیموں کی کفالت کرنا چاہتے ہیں آگاہ کریں کوئی بھی زمین اس سے اچھے مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکتی اس سے اچھا کام کوئی نہیں ہوسکتا کرسی تو آنی جانی ہے دستخط اور قلم کی ایک طاقت ہوتی ہے میری طاقت حاضر ہے اس نیک کام کے لئے قلم بھی اور ہاتھ بھی چلاؤں گا جب تک میرے ہاتھ میں طاقت ہے بے فکر رہیں  تمام معاملات حل  ہونگے نہیں بلکہ حل ہوچکے ہیں ۔

ڈونرز کے حوالے سے بھی مدد کروں گا۔ہم نے مل کر کچھ چیزوں کے لئے سیاست سے بالاتر ہوکرسوچنا ہے ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ ہم ہر معاملے میں سیاست لے آتے ہیں۔ سیاست الیکشن میں ہے ۔الیکشن ختم سیاست ختم۔عوام کا تعلق چاہے کسی جماعت سے ہے  جس کوبھی  ووٹ دیا چاہے جس سے لگاؤ ہے وہ حکمرانوں کی زمہ داری بن جاتے ہیں وسائل عوام اور ہر ایک علاقوں  صوبے اور ملک کی فلاح کے لئے استعمال کرنے ہوتے ہیں۔اس سوچ کے تحت آگے بڑھنا ہے۔مجھے اللہ نے موقع دیا ہے مجھ سے کام لیا جائے ۔اچھی سوچ کے لوگ میرے پاس آئیں گے  مجھے ان کاموں کو بتائیں شاید میرے پاس وقت یا وہ سوچ نہ ہو اس لئے میری رہنمائی کریں ٹیم ورک میں ہر ایک کا خیرمقدم کرتا ہوں اس قسم کے آئیڈیا ز سے مجھے آگاہ کریں آغوش سے پرانا رشتہ ہے جس ضلع میں جوکام کرنا چاہتے ہیں مجھے بتائیں۔شاید آپ کے زہن میں تو اور منصوبے ہوں  مگر ایجنڈے میں اس لئے نہ ہوں کہ شایدحکومتی سطح پر وہ امداد نہ ملے ۔صرف زمین نہیں دیں گے مسائل ہی حل نہیں کریں گے بلکی سرمایہ کاری بھی کریںگے  یہ سرمایہ آپ کے لئے نہیں بلکہ ان بچوں کے لئے ہے جو ہماری زمہ داری ہیں  مل کر یہ کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آغوش مرکز کے دورے کی دعوت میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے میرا یہاں آنا کسی پر احسان نہیں ہے بلکہ مجھے اس قسم کے اہم مرکز میں بلا کر مجھ پر احسان کیا گیا ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن جو ڈیمانڈ کرے گی جو منصوبے پیش کرے گی صوبائی حکومت تعاون کرے گی۔ سارے صوبے کے عوام کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ کسی سیاست جماعت کے کارکن کے ساتھ امتیاز نہیں برتا جائے گا۔ فلاحی بالخصوص یتیم بچوں کے منصوبوں کے لئے صوبائی حکومت سرمایہ کاری بھی کرے گی۔