اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبدالاحد گورو، جلیل اندرابی، شبیر صدیقی، بشارت رضا اور شہدائے حضرت بل کی برسی

راولپنڈی: جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے موجودہ تحریک آزادی کے سرخیل اور لبریشن فرنٹ عسکری شعبہ کے اولین کمانڈرانچیف شہید کشمیر اشفاق مجید وانی، شہید حکمت ڈاکٹرعبدالاحد گورو، شہید انصاف جلیل احمد اندرابی ایڈووکیٹ، شہید صداقت سید شبیراحمد صدیقی، کمانڈر بشارت رضا اور شہدائے حضرتبل کی برسیوں کے موقع پر شہدائے جموں کشمیر کو قومی اثاثہ اور قوم کے ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی و خودمختاری تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق راجہ حق نواز خان نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اشفاق مجید وانی شہید ایک جری، متحرک، وسیع النظر اور باصلاحیت نوجوان تھے جنہوں نے قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کی ہدایات اور بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کے راہنما اصولوں کے عین مطابق تحریک آزادی کی قیادت کرتے ہوئے اپنے حصے کا کام اتم درجے تک سرانجام دیا۔ ریاست میں انقلاب برپا ہوتے ہی سال کے ماہ رمضان کے تیسرے روز جمعہ المبارک کے دن یعنی تیس مارچ1990 اشفاق مجید وانی اپنی دیرینہ و صحابیانہ خواہش اور دعا کے عین مطابق شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے۔بیان کے مطابق تحریک آزادی کا دانشور چہرہ اور مایہ ناز و قابل فخر اور بین الاقوامی سطح پر شہرت یافتہ امراض قلب کے نامور معالج و سماجی کارکن شہید حکمت ڈاکٹرعبدالاحد گورو تحریک آزادی بالخصوص انسانی حقوق کی جنگ لڑنے کی پاداش میں دشمن کی سازش کا شکار ہو کر ناعاقبت اندیش ہاتھوں یکم اپریل  1993کو شہید ہوئے اور قوم کے دانشور طبقے میں مثال چھوڑ کر ابدی نیند سوگئے۔ ڈاکٹر گورو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انسانی حقوق کے علمبردار ایڈووکیٹ جلیل احمد اندرابی کو بھی تحریک آزادی میں انسانی حقوق کیلئے مقامی و بین الاقوامی سطح پر جنگ لڑنے کی پاداش میں بھارتی درندہ صفت فوجی افسر میجر اوتار سنگھ نے8 مارچ   1996 کوگرفتار کیا اور ماورائے عدالت قتل کرکے ان کی لاش سرینگر میں دریائے جہلم میں پھینکی۔ یوں شہید انصاف جلیل احمد اندرابی شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوئے۔ ڈاکٹر گورو شہید اور جلیل اندرابی شہید اپنے کام کے سبب بھارت جیسے استعمار کو کھٹکتے رہے اور بالآخر استدلال کے بجائے بھارت نے طاقت کا سہارا لے کر انہیں ابدی نیند تو سلادیا لیکن ان کی سوچ اور نظریات کو بھارت بام عروج تک پہنچنے سے روک نہیں سکا۔ راجہ حق نواز خان نے شہید ڈاکٹر گورو اور شہید اندرابی کی طرف سے تحریک آزادی کے لئے نبھائے کئے کردار کو قابل تقلید اور ناقابل فراموش قرار دیا۔بیان کے مطابق ریاست کے بلند پائے کے اسلامی سکالر اور اپنے وقت کے شعلہ بیان مقرر شہید صداقت سید شبیر احمد صدیقی درگاہ حضرتبل کے محاصرے کے دوران اس وقت بھارتی افواج کی گولیوں اور مارٹر شلوں کے شکار ہوئے جب  تیس مارچ  1996 کو بھارتی افواج نے درگاہ کے قریب قائم لبریشن فرنٹ کے دفتر کو مسمار کر دیا جس میں شبیر صدیقی سمیت پارٹی کے دو درجن کے قریب ممبران شہید ہوئے۔ اس محاصرے سے چند روز قبل  25مارچ کو جائے وقوعہ پر لبریشن فرنٹ کے کمانڈر بشارت رضا سمیت کچھ اہم ممبران بھی جام شہادت نوش کر چکے تھے۔بیان کے مطابق شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے راجہ حق نواز خان نے مقبوضہ و آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دینا بھر میں پارٹی ذمہ داران کو رمضان کے بابرکت مہینے میں شہدا کی برسی کے موقع پر  30مارچ کو دعائیہ مجالس کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی۔

تقاریب میں سینئر پارٹی رہنما چوٹی کے ان شہید قائدین کے کرداروں پر روشنی ڈالتے ہوئے رچائی جانے والی تحریک مخالف سازشوں کو بے نقاب کریں گے جبکہ شہدائے جموں کشمیر، قائد انقلاب محمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران وطن کی صحتیابی و جلد رہائی اور تحریک آزادی کی کامیابی کے لئے دعا ہوگی/بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے سیزفائر لائن کے دونوں اطراف سے تحریک آزادی بالخصوص ریاست جموں کشمیر کے قومی تشخص کے خلاف رچائی جانے والی سازشوں سے قوم کو ہوشیار کرتے ہوئے اب تک کی دی جانے والی قربانیوں کو رائیگان نہیں ہونے دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے جسے دنیا کی کوئی بڑی سے بڑی طاقت بھی اب روک نہیں سکتی۔ انہوں نے آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

راجہ حق نواز خان نے بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظلم، جبر اور بربریت کے نتیجے میں کشمیریوں کے دلوں سے موت کا خوف ختم ہو چکا ہے اور وہ ہر نئے دن نئے جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کی شمع فروزاں رکھے ہوئے ہیں جو بسیار قربانیوں کے باوجود ماندھ نہیں پڑ سکتا۔ راجہ حق نواز خان نے میرواعظ محمد یوسف شاہ مرحوم کو آج ان کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

دریں اثنا جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈارنے حریت کانفرنس کی طرف سے منعقد ایک سیمنار میں سابق صدر آزاد کشمیر میرواعظ محمد یوسف شاہ کو برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے تحریک آزادی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے کشمیری قیادت کو اپنی خامیوں اور غلطیوں کے ازالے کی خاطر قومی کشمیر پالیسی وضع کرنے پر زور دیا۔ترجمان نے لہڑی تتہ پانی سے تعلق رکھنے والے لبریشن فرنٹ کے متحرک کارکن ماجد شاہ کی حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت و جنت نشینی اور لواحقین کے صبر و جمیل کی دعا کی۔