سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلی و پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیتھیم ذخائر کو لوٹنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ذخائر کمپنیوں کو تحفے میں دیئے جائیں گے جو بعد میں منافع کا ایک حصہ حکمران جماعت کو عطیہ کریںگی۔
محبوبہ مفتی نے ان خیالات کا اظہار ایک خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت جموں و کشمیر میں دیافت ہونے والے لیتھیم ذخائر کو نیلام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی طرف سے علاقے کے قدرتی وسائل کی بے دریغ لوٹ مار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب جموں و کشمیر کے لیتھیم ذخائر بھی لوٹ کر مشکوک کمپنیوں کو تحفے میں دیے جا رہے ہیں ۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی سائٹ ”ایکس ”پر لکھا کہ یہ کمپنیاں بعد ازاں غیر قانونی آمدن کا ایک حصہ حکمران جماعت کو ”پارٹی فنڈ” کے طور پر عطیہ کریں گی۔یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ برس فروری میں پہلی بار لیتھیم ذخائر دریافت ہوئے تھے ۔ جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی) نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جموں خطے میں ضلع ریاسی کے علاقے سلال ہیمانا سے لیتھیم کے 59 لاکھ ٹن کے ذخائر کی دریافت ہوئے ہیں۔ لیتھیم مختلف اسمارٹ فونز اور لیپ ٹاپ کی بیٹریوں سمیت دیگر برقی آلات میں استعمال ہونے والا اہم مواد ہے۔ لیتھیم الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں میں بھی استعمال ہوتا ہے