بلوچستان کے سلگتے مسائل کوفوری حل کرنا ہوگا ۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی حکومت عوام کوریلیف فراہم کرنے کیساتھ دیرینہ سلگتے مسائل کوحل کریں ترقیاتی کاموں میں ٹھیکیداری ،بدعنوانی ختم کرنے سے معیار میں بہتری آسکتی ہے ۔بلوچستان کے بڑے اضلاع میں عوامی مفاد کے میگاپراجیکٹس شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔اضلاع وشہروں میںسڑکیں،گلیاں اور برساتی نالے،سیوریج سسٹم تباہ ہوگیا ان حالات میں حکومت کودیانت دارٹیم کے ذریعے فوری طور پر ترقیاتی کام شروع کر ناچاہیے رمضان المبارک میں روزہ داروں کے مسائل مشکلات اورپریشانیوں میں مہنگائی لوڈشیڈنگ نے اضافہ کر دیاہے ۔سیف سٹی پراجیکٹ کے باوجود کرائمزمیں اضافہ لمحہ فکریہ ہے ۔سریاب روڈ پر شجرکاری قابل تعریف لیکن ان کاخیال رکھنا ،سنبھالنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ممبران اسمبلی گوادروجعفرآبادکیساتھ صوبے کی ترقی وخوشحالی میں اہم کردار اداکر یں گے۔کم آمدنی والے افراد بے روزگاری وغربت کی وجہ سے مسائل ومشکلات کے دلدل میں پھنس گیے ہیں بجلی گیس لوڈشیڈنگ کیساتھ ساتھ بھاری بلزنے عوام کو ہرطرف سے پریشان کر دیے ہیں اس ماہ تعلیمی ادارے کھلنے ،رمضان آنے کی وجہ سے اخراجات میں بہت اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہر طرف پریشانی ومشکلات کا دوردورہ ہے مخیر حضرات تاجر برادری اورعوام پریشان حال عوام کی خدمت ومددکو یقینی بنائیں تعلیمی اداروں میں غرباء ومساکین کے بچوں کی خصوصی مددکی جائے کتب واسٹیشنری والے زیادہ کمانے کے چکر میں پڑنے کے بجائے آخرت کی فکر کرتے ہوئے غربی ضرورت مند لوگوں کیلئے خصوصی رعایت کردیں تعلیمی ادارے بھی فیسزمیں غریبوں کیلئے خصوصی کوٹہ رکھ لیں۔بلوچستان کو ترقی دینی ہے تو تعلیم پر توجہ دینا ہوگا ۔بلوچستان میں خواندگی بڑھانے ، تعلیمی ترقی کیلئے بلوچستان میں خصوصی تعلیمی ایمرجنسی لگائی جائے۔بلوچستان کوترقی دینے کیلئے سب کو اخلاص ونیک نیتی سے آگے بڑھنا ہوگا اگر ہمارے حکمرانوں میں اخلاص ونیک نیتی ہوئی تو مسائل میں کمی آسکتی ہے۔بلوچستان وسائل سے مالامال مگر نااہلی وبدعنوانی کی وجہ سے مسائل حل ہونے کے بجائے اس میں روزبروزاضافہ ہورہاہے۔ بلوچستان کے عوام کے مسائل حل کرنے ،وسائل دیانت داری واخلاص سے خرچ کرکے مسائل ومشکلات میں کمی اورترقی وخوشحالی کی راہ ہموار کی جاسکتی ہے ۔بلوچستان کے بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ پرروزگارواعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے سے احساس محرومی، بے روزگاری وغربت اورتعصب ونفرت میں کمی آسکتی ہے ۔ جماعت اسلامی مسائل کے حل ،تعلیم وروزگار کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔پسماندہ علاقوں کو ترقی کی دوڑمیں شامل کرنے کی ضرورت ہے صوبے کے دوردراز دیہی علاقوں کے زراعت وبجلی اور گیس کی فراہمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے