بھاری سودی قرضوں نے ملک وملت کو تباہ کردیا ،عبد الحق ہاشمی

کوئٹہ (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ  بھاری سودی قرضوں نے ملک وملت کو تباہ کردیا ، خسارہ ختم کرنے کیلئے گیس بجلی اورپٹرول مہنگاکرنے کے بجائے حکومتی سطح پرہرجگہ مفت بجلی ،مفت گیس ،مفت پٹرول بند کر دیں۔ اگر مسلمان غزہ فلسطین میں عملی جہادکیلئے نہیں جاسکتے تو یہودی اسرائیلی امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ اور مظلوم فلسطینیوں کی مالی مددکیلئے الخدمت فائونڈیشن کاساتھ تودے سکتے ہیں۔،عبد الحق ہاشمی نے بیان میں کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کے قتل عام نے ثابت کردیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں ۔

غزہ میں جنگ ِعظیم سے زیادہ بمباری کی گئی ہے ۔غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر پوری انسانیت شرم سار ہے ۔حکمرانوں کی نااہلی کیساتھ مہنگائی غربت بدعنوانی کی وجہ سے بے روزگاری اوربدامنی عام ہوگئی ہیں۔پاکستان نفاذ اسلام اور دیانت دارحکمرانوں کے ذریعے ٹھیک ہوسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ بھاری سودی قرضوں نے ملک وملت کو تباہ ،ظالم سرمایہ داروں لٹیروں کو مالامال کر دیاہے۔شفافیت ،دیانت داری،اخلاص ،نیک نیتی اورعوام دوستی کے فقدان کی وجہ سے قومی سرمیہ قومی دولت قوم کے بجائے چند خاندانوں پر خرچ ہورہاہے جولمحہ فکریہ اور تباہی وبربادی کے راستے ہیں۔ا رمضان المبارک کا مہینہ رب سے تعلق کومضبوط بناتا ہے ۔ اللہ تعالی رمضان المبارک میں جنت کے دروازے کھول دیتا ہے اور شیاطین کو قید کردیتا ہے ۔رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی دنیا بدل جاتی ہے ۔مساجد آباد ہوجاتی ہیں ۔سگریٹ ،پان ،پانی سب کچھ چھوڑ دیا جاتا ہے ۔جو لوگ صبح سات بجے نہیں اٹھتے وہ ساڑھے چار جے سحری کیلئے اٹھتے ہیں۔انسان اللہ کا شاہکار اور اشرف المخلوقات ہے ۔انسان اللہ کی بندگی کیلئے پیدا ہوا ہے اور اللہ تعالیٰ بھی مائوں سے سو گنا زیادہ اپنے بندے سے محبت کرتا ہے ۔

اہل ایمان بھی اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتے ہیں۔اللہ کے فرشتے نیک بندوں کی نصرت کیلئے زمین پر اترتے ہیں۔رمضان المبارک اللہ سے وفاداری کا مہینہ ہے اللہ کے حکم پر ہم بھوکے پیسے رہتے ہیںروزہ انسان میں تقویٰ کی صفات پیداکرتا ہے اور اللہ کو تقویٰ بہت پسند ہے ۔رمضان المبارک میں نیکیوں کی سیل لگی ہے اور ایک نیکی کا اجر ستر گنا بڑھ کر ملتا ہے ۔پاکستان رمضان المبارک کے مہینے میں 27ویں شب کو کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا لیکن ہم اللہ سے بغاوت کر رہے ہیں اور پاکستان میں اللہ کے نظام کے بجائے طاغوت کی حکمرانی ہے ۔سودی نظام قائم ہے جو کہ اللہ اور اس کے رسول سے کھلی بغاوت اور جنگ ہے۔جس کی وجہ سے آج پاکستان تباہی وبربادی کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم حکمراں غزہ میں مظلوم فلسطینیوں پر ظلم بند کرائیں ورنہ اللہ کی پکڑ سے وہ نہیں بچ سکیں گے۔