کوئٹہ(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی ،ڈائریکٹرغزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن بلوچستان نورالدین غلزئی نے کہاکہ بلوچستان کے مسائل کا حل سوفیصد خواندہ ہونے میں ہے ملک بھر میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہے ۔بہترین معیاری تعلیم کی بدولت اچھا معاشرہ اچھی حکومت اور بہتر مستقبل بن سکتاہے والدین کی سرپرستی وشفقت سے محروم یتیم بچوں کی تعلیم تربیت اور کفالت کا مناسب انتظام وقت کا تقاضاہے ۔غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا یتیموں کی کفالت اوریتیم بچوں کی تعلیمی ضروریات کی فراہمی اہم اقدام ہے ۔یتیم بچوں کیساتھ معذورخصوصی اورغریب بچوں پر توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔غربت بے روزگاری اور ناخواندگی سے بہت سے بچوں کو تعلیم سے دور کر دیا ہے ۔غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی بلوچستان بھر میں خواندگی بڑھانے ،یتیم ،غریب اوراسپیشل بچوں کی تعلیمی خدمات قابل تحسین قابل قدر اور قابل تقلید ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی میرج ہال میں یتیم مستحق اور سپیشل طلباء کی تعلیمی کفالت کیلئے منعقدہ سالانہ افطار ڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مخیر حضرات تاجربرادری اورڈونر کی بڑی تعداد موجود تھی انہوں نے غزالی ایجوکیشن فائونڈیشن کے تعلیمی خدمات کیلئے عطیات دیے تقریب میں جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری زاہدا ختر بلوچ ،نائب امیر صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر،الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ کے صدر عبدالمجید سربازی ،امیر جماعت اسلامی کوئٹہ حافظ نورعلی ، صدر غزالی ایجوکیشن فورم سکندر علی ،سیکرٹری قاضی محمد عارف بھی موجود تھے ۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کے بچوں کو تعلیمی سہولیات ،یتیم بچوں کی کفالت ،مساکین وکم آمدنی والوں کی معاشی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے بلوچستان کے بے روزگاروں کو روزگاردیکرمسائل مشکلات وپریشانیوں میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔
غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن بلوچستان کے ڈائریکٹر نورالدین غلزئی نے کہاکہ غزالی ایجوکیشن فائونڈیشن گزشتہ 25سال سے پاکستان میں پسماندہ ودیہی علاقوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں فائونڈیشن کے دائرہ کارمیں 40اضلاع میں 800سے زائد فارمل سکولوں تک وسیع ہوچکاہے جہاں ایک لاکھ پچیس ہزارطلباء وطالبات 5ہزارٹیچرزکی زیرنگرانی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان سکولوں میں 46ہزاریتیم اور سولہ سواسپیشل طلباء وطالبات کی کفالت کی ذمہ داری بھی غزالی نے لے رکھی ہے دیہی علاقوں میں وسائل سے محروم طلباء وطالبات کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے لیکر نظراندازاقلیتی برادری کیلئے سکولوں کا قیام ،تربیت ٹیچرزسے لیکر طلباء کی کردار سازی تک یہ سب غزالی ایجوکیشن فائونڈیشن کے پرعزم تعلیمی جدوجہد کا حصہ ہیں