ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار بارے کانفرنس

پشاور(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام المرکز الاسلامی پشاور میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے تحریکِ آزای فلسطین میں امتِ مسلمہ کا کردار بارے کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، ملی یکجہتی کونسل خیبر پختونخوا کے صدر عبدالواسع، مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان و چیئرمین البصیرہ ڈاکٹر علی عباس نقوی، نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، خطیب جامع مسجد ہری پور مفتی معرفت شاہ، نائب صدر ملی یکجہتی کونسل مقصود احمد سلفی، رہنما تحفظ بیت المقدس غازی انعام اللہ ودیگر بھی موجود تھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ فلسطین میں 07اکتوبر سے اسرائیلی وحشت اور بربریت کا بازار گرم ہے۔ اسرائیلی بمباری میں ہزاروں افراد جن میں بڑی تعداد میں بچے اور خواتین شامل ہیں، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت روز بروز بڑھتی جارہی ہے لیکن امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ حکمران خواب غفلت کے مزے لوٹ رہے ہیں اور اسرائیل اپنے مظالم بڑھاتا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین نہر (دریائے آمو) سے بحر (بحرِ احمر) تک فلسیطینی مسلمانوں کی ہے۔ان شا اللہ اسرائیل کے وجود کے خاتمے اور فلسطین پر مسلمانوں کی حکمرانی کا دن اللہ امت کو دکھائے گا۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے کا کوئی دو ریاستی حل کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کے عوام قائد اعظم کے فرمان کے مطابق اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ ہمارے حکمرانوں اور جرنیلوں کو مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی مدد کے لیے پہنچنے کی توفیق دے۔کانفرنس سے نائب صدر ملی یکجہتی کونسل و نائب صدر شیعہ علما کونسل پاکستان علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت منحوس تکون ہے، اسرائیل اور بھارت امریکی آشیر باد سے ہی غزہ اور کشمیر میں ظلم و ستم ڈھا رہے ہیں۔

غزہ اور فلسطین میں قتل عام کے لیے امریکہ اسرائیل کو براہِ راست مالی و مادی امداد فراہم کررہا ہے۔ سب سے بڑے دہشت گرد امریکہ، اسرائیل اور بھارت ہیں۔ انھوں نے پاکستان پریمئر لیگ (پی ایس ایل) میں فلسطینی جھنڈوں پر پابندی اور شائقین سے زبردستی چھیننے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے اسلامی ملک میں فلسطین کے جھنڈے کے ساتھ ایسا رویہ افسوسناک ہے۔  ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر عبدالواسع نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین پر اسرائیل نے ناجائز طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ غزہ کے مسلمان اسرائیلی ظلم و جارحیت کا استقامت کے ساتھ مقابلہ کررہے ہیں۔ غزہ کے مسلمانوں کی استقامت اسرائیل کی شکست اور فلسطین کی آزادی کی نوید ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت فلسطین کے مسئلے پر جو کردار ادا کرسکتی ہے اس سے وہ غافل ہے۔ حکومت کی جھنجھوڑنے اور میدان میں نکلنے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ فلسطین پاکستان کی دینی جماعتوں کا نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ پچیس رمضان المبارک جمعتہ الوداع کو پورے صوبے میں یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے۔ ہم ان مظاہروں اور ریلیوں کے ذریعے فلسطین کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے غیور عوام جمع الوداع کو فلسطینی مسلمانوں کی آواز بنیں اور پروگرامات کو کامیاب بنائیں۔ چیئرمین البصیرہ و ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان ڈاکٹر علی عباس نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ کی صورتحال آئے روز گھمبیر ہوتی جارہی ہے۔ غزہ کے نوجوان، بچے، بوڑھے اور خواتین اسرائیلی بمباری سے شہید ہورہے ہیں لیکن امت مسلمہ کے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ حکمرانوں کی یہ صورتحال افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کے ساتھ ساتھ کشمیر بھی بھارتی جارحیت کے نشانے پر ہے۔ دونوں جگہوں پر مسلمانوں کو بے دردری سے شہید کیا جا رہا ہے۔ اگر خدانخواستہ غزہ کو شکست ہوئی تو کشمیر بھی ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ مسلم حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ کانفرنس میں فلسطین کی آزادی اور امت مسلمہ کے حکمرانوں کی بیداری کے لیے دعا کی گئی۔