گوادر میں شہید ہونیوالے 2 جوان فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک


 راولپنڈی (صباح نیوز)20مارچ کو گوادر میں شہید ہونے والے سپاہی بہار خان اور عمران علی کو ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق35سالہ سپاہی بہار خان اور28سالہ عمران علی گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے تھے۔شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا گیا ۔سپاہی بہار خان کو ڈیرہ غازی خان جبکہ سپاہی عمران علی کو خیر پور میں سپردِ خاک کیا گیا۔ شہدا کی نمازِ جنازہ میں عزیز و اقارب، پاک فوج کے جوانوں اور علاقے کے عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی امن و استحکام سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے بہادر بیٹوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ مادرِ وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔