اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عوام کو رشوت مانگنے والے افسر کا سر پھاڑنے کا مشورہ دے دیا اور کہا ہے کہ راشی افسر کے سر پہ اینٹ ماردیں اور میرا نام لیں رشوت دینے اور لینے والے دونوں جہنمی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے حلقہ انتخاب ڈیرہ اسماعیل خان کے گاؤں سید علیاں میں عوامی اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ان کے اس بڑے اعلان کی وڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جب کی ٹی وی چینلز کے نیوز بلیٹن میں خصوصی جگہ ملی ۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے رشوت ستانی کے خلاف بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں! رشوت مانگنے والے افسر کے سر پہ اینٹ مارو اور نام میرا لو، افسر یا اہلکار کسی بھی محکمے کا ہو اس کا سر پھاڑ دو، نہ خود جہنمی بنو اور نہ مجھے بنا۔ اس کے بیٹے کو بولو اس کام پر مجھے پگڑی پہناؤ جہنم کے کام سے بچایا ہے۔
عوام سے کہا کہ تم سب میری ٹیم ہو سارے صوبے کو کہتا ہوں ۔ خد ا کے لئے مجھے کبھی یہ بات نہ کہیں کہ فلاں افسر نے رشوت مانگی ہے بلکہ اس کا سر پھاڑ دیں اور مجھے آکر بتائیں میں نے افسر کا سرپھاڑ دیا ہے اور اس کو بھی بتائیں کہ ایسا کرنے کو علی امین نے کہا تھا میں جانوں اور وہ افسر جانے ۔علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو کہتا ہوں رشوت لینے اور دینے والا دونوں دوزخی ہیں ، رشوت لینے والے کے بیٹے کو کہو آپ کے والد کو جہنم سے بچایا ہے، مجھے پگڑی پہناؤ عوام غیرت کا مظاہر ہ کرے اور رشوت خور کو موقع پر سزا دے۔