کشمیری رہنماقیوم راجہ کاوفاقی وزیر داخلہ سے سیکورٹی خدشات کا اظہار


 اسلام آباد(صباح نیوز) آزاد کشمیر میں مقیم کشمیری حریت پسند رہنماقیوم راجہ نے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے کہا ہے کہ کنیڈا میں بھارتی خفیہ ادارے کی کارروائی میں ایک سکھ کے قتل کے بعد حریت پسند کشمیریوں کی تشویش بڑھ گئی ہے ۔

برطانیہ میں مہاترے قتل کیس میں20 سال سزا کاٹنے والے کشمیری رہنما اور سنٹر فار جموں وکشمیر پبلک ڈپلومیسی کے سربراہ  قیوم  راجہ نے  وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی  کے نام خط میں انہیں اپنی  سیکورٹی کے خدشات  سے آگاہ کیا ہے۔قیوم  راجہ نے  انہیں اپنے قتل کامنصوبہ   ناکام ہونے  کے وا قعے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ  بھارتی میڈیا میں بھی  خبریں  شائع ہورہی ہیں کہ   پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں  مقیم  بھارت مخالف کشمیری قتل ہو رہے  ہیں  ۔ ان واقعات کے پیچھے بھارتی خفیہ ادارہ ہے ۔قیوم  راجہ نے لکھا ہے کہ  پاکستانی ادارے  موثر اور متحرک ہیں۔ ایسے میں بھارتی کارروائیاں تشویشناک ہیں۔ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر دونوں  خطوں میں ذمہ دار محکموں کو ہدایت کی جائے کہ  وہ ہماری سیکورٹی  کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ  میری تین کم عمر بیٹیاں ہیں اور میں ان کی حفاظت کے بارے میں بھی بہت فکر مند ہوں۔