جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے۔راجہ جہانگیر خان


 میرپور(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی چہرے نہیں نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کررہی ہے ،جب تک باطل نظام اور کرپٹ سیاسی مافیہ تبدیل نہیں ہوگا عوام کے مسائل حل نہیں ہوسکتے،اہل میرپور نے ملک کو روشن کرنے کے لیے اپنے اجداد کی قبریں تک ڈوبو دیں مگر ان مسائل نا اہل قیاد ت آج تک حل نہیں کرسکی،متاثرین منگلہ ڈیم آج بھی پریشان ہیں،میرپو ر کشمیر کا چہرہ ہے ،جماعت اسلامی کے کارکن پوری یکسوئی کے ساتھ وارڈ ز کی سطح پر اتر کرکے جماعت اسلامی کو منظم کریں عوام ساتھ دیں گے

ان خیالات کااظہارانھوںنے اپنے دورہ میرپور کے دوران میں ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئے کیااس موقع پرمرکزی نائب امیر انجینئر راجہ خالد خان، امیر ضلع میرپور مولانا عتیق الرحمان سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ جہانگیر خا ن نے کہاکہ جماعت اسلامی نے امانت دار اور دیانتدار قیادت عوام کے سامنے پیش کی ہے امانتدار اور دیانتدار قیادت ہی ریاست کے مسائل حل کرسکتی ہے،کشمیرکی آزادی اور نظام کی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کا پاور میں آنا ضروری ہے،عوام نے 76برسوں سے ساری پارٹیوں کو آزماکردیکھ لیاہے اب مزید تجربات کرنے کی بجائے جماعت اسلامی پر اعتماد کریں،جماعت اسلامی عوام کے اعتماد پر پوری اترے گی،انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن ایک ایک گھر اور ایک فرد تک جماعت اسلامی کی دعوت پہنچائیں،موثر افراو کو جماعت اسلامی میں شامل کریں۔