اسلام آباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر محمود احمد ساغر ، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے مودی حکومت کی طرف سے جموں کشمیرنیشنل فرنٹ، جموں کشمیر پیپلز لیگ اور جموں کشمیر پیپلز پولیٹیکل لیگ پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی تنظیم پر جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگا کر اس پر پابندی لگانا بھارتی جمہوریت کے ماتھے پر ایک بدنما داغ ہے ۔ حریت رہنمائوں نے اسلام آباد میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ حق وانصاف کے لیے اٹھنے، والی کوئی بھی آواز ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ کبھی دبی ہے اور نہ آئندہ کبھی دب سکے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اورمودی حکومت بے گناہ نوجوانوں کے قتل ، گرفتاریوں اور بلا جواز پابندیوں سے انکے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی ۔ محمود احمد ساغر ، شیخ عبدالمتین اور امتیاز وانی نے مزید کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں اپنا رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلی شدہ متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ نے کئی قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کر رکھا ہے جسے وہ حاصل کر کے رہیں گے۔مودی حکومت نے تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کرنے پر پہلے ہی جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر، مسلم لیگ، تحریک حریت، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ، دختران ملت اور مسلم کانفرنس پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
Load/Hide Comments