کراچی( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ رمضان مسلمانوں کی ٹریننگ ، تقویٰ اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے ،نماز روزہ تراویح سمیت دیگر عبادات سب کی روح تقویٰ ہے۔
حکومت ماہ مقدس میں قیام امن کے ساتھ سحری وافطاری کے موقع پربجلی وگیس کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ماہ صیام کی آمد پر جاری اپنے پیغام میں صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہارہے۔ بندہ مومن کو جتنا ہو سکے اس ماہ میں لگنے والی لوٹ سیل سے اپنے گناہوں کی معافی اور رب کو راضی کیا جائے۔
انہوں نے کارکنان کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ انفرادی عبادات کے ساتھ اس مہینہ افطار پارٹیوں واجتماعات کے ذریعے لوگوں تک قرآن کی دعوت پہنچانے کے ساتھ،لوگوں کے ساتھ غمگساری، اپنی اصلاح اور ملک میں قرآن وسنت کا نظام نافذ کرنے کی جدو جہد کو تیز کیا جائے۔#
دریں اثنا امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ ،سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا اورامیرضلع ٹھٹھہ الطاف احمد ملاح نے ٹھٹھہ کے سینئرصحافی عبدالحسین مندھروکیوفات پردلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔