موسم سرما کیلئے بجلی کے رعایتی پیکج کی منظوری


اسلا م آباد(صباح نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے موسم سرما کے لیے بجلی کے رعایتی پیکیج کی منظوری دے دی۔

نیپرا کے مطابق یکم نومبر سے 28 فروری تک بجلی صارفین کو رعایتی نرخوں پربجلی ملے گی جس کے تحت آئندہ 4 ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافی استعمال پربجلی 12.96 روپے فی یونٹ ملے گی۔

اعلامیہ کے مطابق فیصلے کا اطلاق گھریلو اور کمرشل دونوں صارفین پر ہو گا جبکہ کے الیکٹرک کے صارفین بھی اس فیصلے سے مستفید ہوں گے۔

خیال رہے کہ رعایتی پیکج کی منظوری اس سے قبل وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس میں دی گئی تھی۔ پیکج کے تحت گھریلو، کمرشل اور جنرل سروسز کے صارفین کو اضافی بجلی استعمال کرنے پر فی یونٹ 7 سے 10روپے کا فائدہ ہو گا۔