وزیراعظم عمران خان کا پیکیج مذاق کے سوا کچھ نہیں، بلاول


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا پیکیج مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پربلاول نے وزیر اعظم کے قوم سے خطاب پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ  وزیراعظم عمران خان کا پیکیج مذاق کے سوا کچھ نہیں ہے۔ گھی، وزیراعظم نے دعوی کیا کہ آٹے اور دال پر 6 ماہ کے لیے 30 فیصد شہری رعایت سے چند خاندان مستفید ہوں گے۔

بلاول نے کہا کہ تین سال کے دوران گھی کی قیمت میں 108 فیصد، آٹے میں 50 فیصد اور گیس میں 300 فیصد اضافہ ہوا۔ تاریخی مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کا سامنا کرنے والے 20 کروڑ لوگوں کے لیے 30 فیصد رعایت بہت کم ہے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام تکلیف میں ہیں اور جیالے عوام کو تکلیف میں دیکھ کر چین سے نہیں بیٹھ سکتے، جب میں بجٹ کی مخالفت کررہا تھا تو عمران خان نے کہا تھا کہ معاشی ترقی کا دور شروع ہوچکا، وہ معاشی ترقی کہاں ہے؟ پی ٹی آئی کو نہ معیشت کا پتہ ہے اور نہ ہی سیاست اور خارجہ معاملات کا کوئی علم ہے۔