پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو پارٹی کے سیاسی امور سے متعلق فیصلوں سے روک دیا


پشاور(صباح نیوز) پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو پارٹی کے سیاسی امور سے متعلق فیصلوں سے روک دیا ۔پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو سپیکر کے لئے نامزدگی سے ہٹانے کے معاملے پر عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر کے شدید ردعمل پر پارٹی نے فیصلہ تبدیل کیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق عمرایوب نے عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم سواتی کو سپیکر کے لئے نامزد کرنے کا اعلان کیا۔اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد سپیکر کے لئے عاقب اللہ اور وزیرِ اعظم کے لئے عمر ایوب کے نام کا اعلان کیا تھا۔ اسد قیصر کو پارٹی کے سیاسی امور سے متعلق فیصلوں سے بھی روک دیا گیا، موجودہ سیاسی کمیٹی کو مذاکرات اور حکومت سازی سے متعلق روابط سے روک دیا گیا۔

بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب سیاسی جماعتوں کے روابط سے متعلق کمیٹی کے ناموں کا فیصلہ کریں گے، پارٹی کے حتمی فیصلوں کی منظوری عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر دیں گے۔