خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے قبل بد نظمی،دھکم پیل


پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے پہلے بد نظمی دیکھنے میں آئی ہے، ارکانِ اسمبلی کے اسمبلی ہال میں داخلے کے دوران دھکم پیل ہوئی ہے۔

اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسمبلی ہال میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی جس کے باعث اسمبلی میں داخلے کے دوران ارکانِ اسمبلی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں دھکم پیل ہوئی ہے، ورکرز سپیکر چیمبر اور مہمانوں کی گیلری میں داخل ہو گئے اور متعدد ایسے افراد بھی اسمبلی ہال میں داخل ہوئے جن کے پاس پاسز موجود نہیں تھے، اس دوران لوگوں کے درمیان شدید دھینگا مشتی بھی ہوئی اور جسے جہاں موقع ملا وہ وہاں جاکر بیٹھ گیا۔

پولیس نے شدید بدنظمی کے بعد اسمبلی کا گیٹ بند کردیا لیکن کارکنان باہر کے راستوں سے پھلانگ کر اسمبلی کی حدود میں داخل ہوگئے، بدنظمی کی وجہ سے کئی میڈیا نمائندوں کوبھی اسمبلی کے اندر داخل ہونے کا موقع نہ ملا اور بیشتر نو منتخب ارکان کو گاڑیوں کی پارکنگ میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

کے پی اسمبلی کا اجلاس 11 بجے دن طلب کیا گیا تھا جو بروقت شروع نہ ہو سکا۔سپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی اور نامزد وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور اسمبلی پہنچ گئے ۔دوسری جانب اجلاس کے موقع پر صوبائی اسمبلی اور اطراف کے علاقوں میں انٹر نیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔