اسلام آباد (صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک خط میں کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے۔خط میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہم طہٰ کی توجہ بھارتی جیلوں میں قید کشمیری نظربندوں کی حالت زار اور ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی جانب مبذول کرائی ہے ۔
محمود ساغر نے خط میں سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت غیر قانونی طورپر بھارتی جیلوں میں قید کشمیری نظربندوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا ہے جنہیں پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یواے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام اپیل میں کہاگیا ہے کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرنے والے کشمیریوں کی آوازوں کو دبانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے نام نہاد قوانین اورعدلیہ کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے ۔انہوں نے کشمیری نظربندوں کو “عدالتی دہشت گردی” سے بچانے کیلئے اوآئی سی اوربین الاقوامی مداخلت کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔