سرینگر : کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنا زعہ کشمیر پربھارت کے ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کا خطہ ایٹمی تصادم کے دہانے پر پہنچ گیا ہے،دیرینہ تنازعہ کشمیرکے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل عالمی برادری کے ساتھ مل کر نہتے کشمیریوں پرقابض بھارتی فوج کے ظلم و تشدد، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور غیر قانونی نظربندیوں کا سلسلہ بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
انہوں نے کولگام اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کاررروائیوں کے دوران 7کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیرکے عوام کو ان کی منصفانہ جدوجہد جاری رکھنے سے روک نہیں سکتی ۔ حریت ترجمان نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر پربھارت کے ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ کی وجہ سے جنوبی ایشیاء کا خطہ ایٹمی تصادم کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اپنی قابض فورسز کومقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا لائسنس دے رکھا ہے۔تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔حریت ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر سے اپنی فوج کے انخلا، تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی، تمام کالے قوانین کی منسوخی،کشمیری عوام کے تمام شہری اور سیاسی حقوق کی بحالی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرے۔