اسلام آباد(صباح نیوز)ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا ء نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، میجر جنرل احسان محمود خان ڈائریکٹر جنرل اسرا نے وفد کی سربراہی کی، وفد میں پارلیمنٹرینز، فیکلٹی ممبرز اور اعلی ملٹری وسول عہدیداران شامل ہیں۔ترجمان کے مطابق ورکشاپ کے شرکا کو پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچے اور ذمہ داریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے وفد سے ملاقات کی اور سوالات کے جوابات دیئے۔ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ فضائی قوت نے ہمیشہ زمینی اور سمندری آپریشنز میں فیصلہ کن اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاک فضائیہ سکیورٹی چیلنجز سے پوری طرح آگاہ اور اپنے آپریشنل ترقیاتی منصوبوں پر سرگرمی سے عمل پیرا ہے، پاک فضائیہ قومی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے