آئی ایم ایف کو خط لکھنا 9مئی سے بڑا سانحہ ہے : شرجیل میمن

کراچی(صباح نیوز) رہنما پاکستان پیپلزپارٹی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا9مئی سے بڑا سانحہ ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا  کہ سندھ اسمبلی سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے کاغذات جمع کرادیے ہیں ، پیپلزپارٹی کی سندھ اسمبلی میں دوتہائی اکثریت ہے، مراد علی شاہ پھر محنت سے کام کریں گے، کوشش ہوگی اگلے 5سال افہام و تفہیم کے ساتھ صوبے کو آگے لیکر چلیں۔بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط لکھنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت آئی ایم ایف کو خط لکھنے جا رہی ہے، وہ جماعت خط لکھ رہی ہی جوکہتی تھی بیرونی مداخلت نامنظور۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا مقصد ہے 9مئی کو جو ہوا وہ بہت چھوٹی چیز تھی، ان کا مقصد ہے ہمیں مینڈیٹ زبردستی دیا جائے، آئی ایم ایف نے ان کی بات مانی تو لاکھوں خاندان فاقہ کشی پر مجبور ہوں گے۔ان کاکہنا تھا  کہ اقتدار کی ہوس کیلئے لاکھوں ،کروڑوں لوگ بیروزگار ہوجائیں گے، ایک مصنوعی لیڈر کو جیل گئے 5ماہ نہیں ہوئے، وہ شخص خودکش بمبار بن کر کروڑوں عوام پر حملہ کرنے جارہا ہے، اس پارٹی کے تمام پیروکار اپنی آنکھیں کھولیں، لوگوں کو معلوم ہے سندھ میں سیلاب کے دوران پانی کون نکال رہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شر پسند عناصر ملک کا امن برباد کرنا چاہتے ہیں ، کیا ہمیں اپنے اندرونی مسائل کے لیے کسی غیر ملکی ادارے کو اندرونی مسائل میں دخل اندازی کی اجازت ہے؟۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہاکہ ہم الیکشن سے پہلے جو منشور لے کر چلے ہیں اسی منشور پر قائم رہیں گے، ملک کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے ، ملک سنگین مسائل سے دوچار ہے۔۔