پشاور/اسلام آباد(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں بارش نے تباہی مچادی ہے جہاں بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات میں4 افرادجاں بحق جبکہ 9زخمی شہری ہوگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پشاور میں بارش کے باعث 4گھروں کو جزوی جبکہ 2 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، برف باری اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے اقدامات تیزکر دئیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش کے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ اس کے علاوہ لاہور میں بھی بونداباندی ہوئی جس سے موسم خوشگوارہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ 17 سے 22 فروری تک مری گلیات اور گردو نواح میں طوفانی بارش اور برفباری کے امکانات ہیں جبکہ ترجمان پی ڈی ایم اے نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کو بارش اور برفباری کے امکانات 75 فیصد ہیں۔ 17 سے 22 فروری تک موسم کی صورتحال بے یقینی رہے گی۔ دوسری جانب گلگت بلتستان میں شدید بارشوں سے شاہراہ قراقرم کوہستان اور شاہراہ بلتستان بند ہونے سے متعدد مسافرگاڑیاں پھنس گئیں۔ گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے دوران شاہراہ قراقرم کوہستان اور دیامر میں لینڈ سلائیڈنگ سے 4مقامات اور شنگوس کے مقام پر شاہراہِ بلتستان بند ہوگئی، شاہراہوں کی بندش سے متعدد مسافرگاڑیاں پھنس جانے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔