علی امین گنڈا پور اور فیصل جاوید کی راہداری ضمانت منظور


پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور سینیٹر فیصل جاوید کی اسلام آباد میں درج مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کر لی۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان نے رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور اور فیصل جاوید کی راہداری ضمانت کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ تو بہت پرانا مقدمہ ہے، علی امین گنڈاپور کہاں تھے؟ ۔جس پر وکیل علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمیں اس مقدمے کے بارے میں معلوم ہی نہیں تھا، ڈی آئی خان بنچ نے پہلے ہی مقدمات میں ضمانت دی ہے۔بعدازاں عدالت نے رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر لی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید طویل عرصے بعد منظر عام پر آ گئے

پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹرفیصل جاوید کی راہداری ضمانت منظور کر لی ، عدالت نے فیصل جاوید کو بھی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔عدالت پیشی کے موقع پر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب پر مشکل وقت گزرا ہے، دعا ہے کہ سب مظلوم اپنے گھروں کو واپس آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا سب کو انتظار ہے، جلد ہی بانی پی ٹی آئی قوم کے بیچ ہوں گے۔