وفاق سے خیرات نہیں اپنا حصہ مانگیں گے، ”ساڈا حق ایتھے رکھ” میرا نعرہ ہے،علی امین گنڈا پور


پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف  کے نامزد وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وفاق سے خیرات نہیں اپنا حصہ مانگیں گے، ”ساڈا حق ایتھے  رکھ ”یہ میرا نعرہ ہے۔

پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پارٹی شمولیت پر لیگل ٹیم معاملات دیکھ رہی ہے، پارٹی شمولیت کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صحت کارڈ اور لنگرخانوں کی بحالی پہلی ترجیح ہے، معاشی بحران ختم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے، نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار دیں گے، امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا چیلنج ہے۔پی ٹی آئی کے نامزد وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور راہداری ضمانت کے لئے پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔وکیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور ایک مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لئے آئے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں درج مقدمے میں راہداری ضمانت کی درخواست پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہوں راہداری ضمانت دی جائے اور درخواست جلد سماعت کے لئے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ۔