قومی وطن پارٹی کا پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ


 پشاور(صباح نیوز) قومی وطن پارٹی نے تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج پر ہمیں بھی تحفظات ہیں، مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج کا فی الحال حصہ نہیں بن رہے۔ آفتاب شیرپاؤنے کہا ہے کہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پارٹی کی سطح پر احتجاج کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی وفد نے آفتاب شیرپا ؤکو احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔ دوسری جانب مبینہ انتخابی دھاندلی پر بلوچستان میں 4 جماعتی اتحاد کی پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ چار جماعتی اتحاد میں بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتون خوا میپ، نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی شامل ہیں۔