پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان پی ٹی آئی نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل میںکہا ہے کہ وہ ہمارے عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کریں ۔زرداری کے فرزند کی سوچ جمہوری ہوتی تو سیاسی قزاقوں کے ساتھ مک مکا کی نئی مہم چلانے کی بجائے تحریک انصاف کو میسر عوامی مینڈیٹ تسلیم کرتے اور ووٹ کی کھلی بے حرمتی کی مذمت کرتے۔ترجمان تحریک انصاف  نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے حوالے سے زرداری کے فرزند کی جماعت سیاہ تاریخ کی حامل ہے، عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین میں پیپلزپارٹی کی سہولتکاری نے پاکستان کو مشرقی بازو کی علیحدگی کا گہرا زخم دیا،  اب  زرداری کا فرزند زرداری کے اشاروں پر اپنی خاندانی اور موروثی سیاست کو اقتدار کی بندر بانٹ کے ذریعے زندہ رکھنے کی کوششیں کررہا ہے۔

ترجمان تحریک انصاف  نے کہا ہے کہ آئینی، حکومتی اور پارلیمانی عہدوں کی آپس میں تقسیم کے بعد باہم فاصلوں کی اداکاری ان کے کسی کام آئے گی نہ عوام ان کے جھانسے میں آئیں گے، عمران خان کے دیے گئے شعور کے بعد قوم جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ، عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھنسانے اور ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں، قوم جانتی ہے کہ عمران خان اس بوسیدہ نظام کو بدلنے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں جس کے یہ دونوں بینیفشری ہیں اور اسے تقویت اور دوام بخشنا چاہتے ہیں، قوم کی آئندہ نسلوں کو گروی رکھ کر اپنی موجودہ اور آئندہ نسلوں کے مستقبل محفوظ بنانے کے مکروہ منصوبے عوام خاک میں ملائیں گے، ترجمان تحریک انصاف  نے کہا کہ  حکومت سازی ہو یا حزبِ اختلاف کی ذمہ داریاں سنبھالنے کا معاملہ، تحریک انصاف ہی اکثریتی مینڈیٹ کی حامل ہے،  ان کی ہر سازش اور پسِ پردہ مک مکا کا توڑ نکالیں گے اور ملک و قوم کو ان کے شر سے محفوظ بنائیں گے