ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس


قصور(صباح نیوز)ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں محکمہ صحت کے آفیسرز، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز  اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں قومی انسداد پولیو مہم 26فروری تا یکم مارچ 2024تک منعقد ہو رہی ہے جس کیلئے مربوط لائحہ عمل تشکیل دیا جا رہا ہے تا کہ کوئی بھی بچہ پولیو قطرے پینے سے محروم نہ رہ سکے اور اس سلسلے میں پولیو ٹیموں کی ٹریننگز کروائی جا رہی ہے۔مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7لاکھ 51ہزار828بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائینگے۔مہم کے دوران 6ماہ سے لیکر 5سال تک کے بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دیئے جائینگے۔ 6ماہ سے 1سال تک کے بچوں کو بلیو کیپسول جبکہ 1سال سے لیکر 5سال تک کے بچوں کو ریڈ کیپسول دیئے جائینگے۔۔ مہم کی کامیابی کیلئے2785موبائل ٹیمیں، 131فیکسڈ ٹیمیں، 74ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تا ہم 126یوسی ایم اوز اور578ایریا انچارجز تعینات کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ 6553پولیو ورکرز بھی اپنے فرائض سرانجام دینگے۔ ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے تمام تر اقدامات کو بروئے کار لایا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی سستی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود پولیو ٹیموں کی ٹریننگ کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کوپولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور تمام علاقوں میں ٹیمز کی پہنچ کو ممکن بنانے کیلئے تیار کردہ میپ پر عملدرآمد کو سوفیصد یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ تمام محکمہ جات ملکر کام کریں تا کہ مہم کے سوفیصد نتائج حاصل کئے جا سکیں۔