پشاور(صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپروچ کررہی ہے، مستقبل کا لائحہ عمل بانی پی ٹی آئی طے کریں گے،جہانگیر ترین، محمود خان ،پرویز خٹک کا حال قوم نے دیکھ لیا۔ جو بھی خان کا ساتھ چھوڑے گا، وہ اپنے ووٹرز کے اعتماد میں خیانت کرے گا۔
پشاورہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی 21 سیٹیں ہیں اور وہ وکٹری اسپیچ کررہے ہیں۔ زرداری نے سندھ میں ہماری سیٹیں زبردستی لی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے، میں انہیں تجاویز پیش کروں گا۔ جہانگیر ترین، محمود خان ،پرویز خٹک کا حال قوم نے دیکھ لیا۔ جو بھی خان کا ساتھ چھوڑے گا، وہ اپنے ووٹرز کے اعتماد میں خیانت کرے گا، ہمیں اپنے کسی بھی منتخب نمائندوں پر عدم اعتماد نہیں ۔شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے خیبر پختونخوا کی حکومت اور کس پارٹی سے اتحاد کرنا ہے، اس حوالے سے مشاورت کرنی ہے۔ پیپلز پارٹی ہمیں اپروچ کررہی ہے، بانی پی ٹی آئی سے مشورہ کرنا ہے کہ آگے لائحہ عمل کیا اختیار کریں ؟ آئی جی خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف ٹاسک ملا تھا ۔ انہوں نے 9مئی کو قتل ہونے والے ہمارے کسی ایک کارکن کا مقدمہ درج نہیں کیا۔