ڈی آئی خان/ٹانک/خاران(صباح نیوز)خیبر پختونخوا اور بلوچستان میںسیکیورٹی فورسز پر حملوں میں6اہلکار شہید اور 11زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابات کے لیے سیکیورٹی پر تعینات پولیس موبائل پر بم حملے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود میں پولیس موبائل پر بم حملے میں4 جوان شہید اور 6 زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس حکام بھی جائے وقوع پہنچ گئے۔ حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل گرہ اسلم پولنگ اسٹیشن کی سکیورٹی پر تعینات تھی، جس میں سب انسپکٹر خانزادہ اور دیگر اہل کار سوار تھے۔ نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے حملے کے بعد اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد شہید اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کی ناکابندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔اس سے قبل ضلع ٹانک کے علاقہ کوٹ اعظم میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پرحملے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
سیکورٹی فورسز کی گاڑی الیکشن کی ڈیوٹی پر سیکورٹی دے رہی تھی۔جس دوران اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ادھر بلوچستان کے ضلع خاران میں لیویز کی گاڑی پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔ لیویز کی گاڑی کو پکتن کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ زخمی ہونے والے جوانوں کو فوری طبی امداد کے کیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔