وزیراعظم کا سیرت طیبہ کی روشنی میں نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور


اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے سیرت طیبہ کی روشنی میں نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مثبت تبدیلیوں کیلیے  حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبین ۖکی شاندار روایات پر عمل کرنا ہوگا ۔

رحمت اللعالمین اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جدید ذرائع ابلاغ بالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے نوجوانوں کو غیر اخلاقی اجنبی ثقافت کے حملے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کے قیام کا مقصد ہماری نوجوان نسل میں اخلاقی اقدار کو بیدار کرنا ہے جسے انٹرنیٹ کے اس دور میں ہر طرح کے غیر اخلاقی مواد تک آن لائن رسائی حاصل ہے۔

عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تحقیق کے ذریعے اس بات کا تعین کریں کہ کس طرح ہمارے ٹیک سیوی نوجوانوں کی کردار سازی کو مثر طریقے سے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے سیرت طیبہ کی شاندار تعلیمات کی روشنی میں سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر طلبا کو تعلیم دینے کے لیے نصاب میں تبدیلیاں متعارف کرانے پر زور دیا ،

خیال رہے صدر مملکت عارف علوی نے رحمت للعالمین اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کیا تھا ، جس کے تحت وزیر اعظم رحمت للعالمین ۖاتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے جبکہ اتھارٹی چیئرمین اور6 ارکان پر مشتمل ہوگی