خیبرپختونخوا حکومت کا لڑکیوں کو شادی سے زبردستی روکنے کی فرسودہ رسم” غگ” کیخلاف سخت اقدام کا فیصلہ


پشاور(صباح نیوز) نگران صوبائی وزیر برائے ضم اضلاع نے خیبرپختونخوا میں لڑکیوں کو شادی سے زبردستی روکنے کی فرسودہ رسم” غگ” کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے رسم کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت کردی ۔

نگران وزیر برائے ضم اضلاع عامر عبداللہ نے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈی پی اوز کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فرسود رسم ”غگ” کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کرے، فرسودہ رسم غگ میں خاتون کو شادی کرنے سے زبردستی منع کرنا ظلم ہے۔خط میں کہا گیا کہ گھر کے سامنے فائرنگ کرکے کسی خاتون کی شادی میں رکاوٹ ڈالنا جرم ہے، غگ ایکٹ شق 7 کے تحت یہ جرم ناقابل ضمانت ہے اور اس پر 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہے۔نگران وزیر عامرعبداللہ نے یہ بھی بتایا کہ یہ جرم زیادہ تر رپورٹ نہیں ہوتا، زبانی شکایات اکثر مجھ تک پہنچ رہی ہیں، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز اس حوالے سے اقدامات اٹھائیں۔