اسلام آباد(صباح نیوز) فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوموں کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی پانچویں کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے نور خان ائیر بیس سے روانہ کردی گئی۔ امدادی کھیپ میں گرم خیمے، ترپال، کمبل سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر مصر کے شہر العریش پہنچے گی۔
العریش میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، امدادی سامان وصولی کے بعد تقسیم کے لیے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ 120 روز سے جاری اسرائیلی فوج کی غزہ میں بدترین جارحیت جاری ہے۔ اسرائیلی دہشت گردی کے باعث شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار سے زائد ہوگئی جبکہ 66 ہزار 300افراد زخمی ہوچکے ہیں۔