کراچی (صباح نیوز)الخدمت کراچی کی جانب سے ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ” ڈائیگنوسٹک لیبارٹری” کا افتتاح امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کردیا۔ جمعہ کو کیے گئے افتتاح کے موقع پر چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین ،ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی، ممتاز کاروباری شخصیات ڈاکٹر مشتاق چھاپرا،ریاض اسماعیل ، صدرالخدمت یوکے سید شوکت علی ،صدر پیما کراچی ڈاکٹر عبد المتقی والخدمت ذمہ داران موجود تھے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کراچی میں صحت کا ایک بڑاادارہ بنائیں گے،جہاں صحت کی تمام سہولتیں ایک جگہ دستیاب ہو گی۔ الخدمت کی خدمت کی وجہ ہے کہ اب ڈاکٹر اس کے ہسپتالوں سے منسلک ہونا چاہتے ہیں ۔الخدمت ناظم آباد ہسپتال میں لیبارٹری پہلے سے کام کر رہی تھی، تاہم ہم نے فیصلہ کیا کہ شہر یوں کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب قائم کی جائے ۔لیب غریب اور متوسط طبقے کو سہولت فراہم کر ے گی،جہاں ایم آرآئی ،میموگرافی ،سی ٹی اسکین اور ڈیسکا جیسے مہنگے ٹیسٹ ارزاں نرخوں پر کیے جائیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بعض ٹیسٹ جو پاکستان میں نہیں ہوتے اور یہ ٹیسٹ لوگوں کو باہر سے کروانے پڑتے ہیں، ہم اس پر بھی ہم کام کریں گے کہ ہم یہ ٹیسٹ پاکستان میں کریں۔ دوسرے ہسپتالوں کے مقابلے میں یہاں سستے ٹیسٹ ضرور ہوں گے مگر معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت پرفیشنل اپروچ کے ساتھ صحت کے اس نظام کوآگے بڑھا رہی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ یہاں باقاعدہ ٹیچنگ اور نرسنگ اسپتال بنایا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہسپتال میں ایم سی پی ایس ) MCPS)کی ٹریننگ ہو رہی ہے، ایف سی پی ایس ) FCPS) کی ٹریننگ جلد شروع کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3کروڑ کے شہر میں صحت کی سہولتیں دستیاب نہیں۔214ارب کا صحت کا بجٹ مگر کراچی میں بھی کچھ ہوتا ہوا نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ جب الخدمت لوگوں کی خدمت کر سکتی ہے تو حکومت کیوں نہیں کرسکتی۔ فیڈر بی ایریا میں دل کا ہسپتال بنانا نعمت اللہ خان کا بڑا کارنامہ تھا ، آج اسے بھی بیچنے کی باتیں ہو رہی ہیں ،عوام کہاں جائیں گے علاج کیلئے۔ یہ بڑی زیادتی ہے ۔ یہ زیادتی ہم نہیں ہونے دیں گے۔
چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ اس ڈائیگنو سٹک لیبارٹری کو بنانے کیلئے سخت اور طویل جدوجہد کی گئی ہے ۔ یہ کراچی کے لوگوں کیلئے تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت پورے شہر میں صحت کی سہولتیں پہنچا رہی ہے ،اس وقت 19کلیکشن پواینٹس کام کر رہے ہیں ۔الخدمت کے کراچی میں 4بڑے ہسپتال کام کر رہے ہیں۔الخدمت کے اسپتالوں سے سالانہ ایک کروڑ افراد صحت کی سہولتوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ الخدمت تعلیم کے شعبے میں بھی کام کررہی ہے ،100کے قریب اسکولز اور مدارس کام کر رہے ہیں۔نوید علی بیگ نے کہا کہ تعلیم مہنگی ہونے کی وجہ سے میٹرک ،انٹر کے بعد لاکھوں نوجوان تعلیم چھوڑ دیتے ہیں۔اسی لیے حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے مطابق ہم نے بنو قابل پروگرام شروع کیا اور اس سے25ہزا ربچے مفت آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں ۔اورنگی میں 6ہزاربچوں نے بنو قابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں شرکت کی۔ اس کورس کو کرنے والے بچے ڈھائی سو ڈالر تک کما رہے ہیں ۔اس شعبے میں کام کیا جائے تو آئی ٹی انڈسٹری 30بلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت صحت کی جدید اور معیاری سہولتیں لوگوں پہنچا رہی ہے اور اس کا دائرہ روز بروز وسیع ہورہا ہے ۔