مسٹ میرپور میں غنڈہ گردی کے الزام میں سات طلبا کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا

میرپور(صباح نیوز) آزاد کشمیر کی میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( مسٹ ) نے منظم  غنڈہ گردی، تشدد اور املاک کو بے پناہ نقصان پہنچانے کی منصوبہ بند کارروائیوں  کے الزام میں 10 طلبا کے خلاف فوری انضباطی کارروائی کر دی ہے ۔یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی  کے فیصلے کے تحت سات طلبا کو یونیورسٹی سے نکالنے، ایک طالب علم کو وارننگ، اور دوسابق طلبا کو کیریئر کے اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ان طلبا پر 27 اور 29 جنوری 2024 کو یونیورسٹی  میں ہونے والی پرتشدد سرگرمیوں اور لڑائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( مسٹ )  میں 27 اور 29 جنوری 2024  کو  پرتشدد سرگرمیوں کی وجہ سے 22 لاکھ روپے کا امالی نقصان ہوا۔

سابق طلبا کی ڈی ایم سیز اور ڈگریوں پر یونیورسٹی میں غنڈہ گردی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے اور سرپرستی کرنے کے ریمارکس شامل ہوں گے.یونیورسٹی ڈسپلنری کمیٹی نے جن 10 افراد کے خلاف کارروائی کی ہے ان میں  (01) راجہ اسامہ اشفاق، سابق اسٹوڈنٹ انٹرنیشنل ریلیشنز (02) ارسلان خالد، سابق اسٹوڈنٹ انٹرنیشنل ریلیشنز(دونوں افراد کی ڈی ایم سیز اور ڈگریوں پرتشد د اور مجرمانہ سرگرمیوں کے ریمارکس شامل ہوں گے)۔ (03)  عبید الرحمان، شعبہ قانون،  (04)  محمد حارث خواجہ، انٹرنیشنل ریلیشنز،   (05)عامر غلام حسین، انٹرنیشنل ریلیشنز، (06)   محمد عاقب علی، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی،  (07)  فواد قاصر، کمپیوٹر سائنسز،  (08) حیدر نعیم، شعبہ ایجوکیشن اور (09)امتنان فہیم جاوید، الیکٹریکل انجینئرنگ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا ہے جب کہ عبدالرحمان، کمپیوٹر سائنسز کو وارننگ جاری دی گئی ہے۔میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( مسٹ )  کے  وائس چانسلر بریگیڈیئر  (ر)یونس جاوید نے کہا ہے کہ  میرپور یونیورسٹی نے علم کے نور،

غیر متزلزل عزم و ارادے اور مالی مسائل کے باوجود تمام وسائل کو بروئے کار لا کر نئی نسل کو ان کے شاندار کیرئیر کی راہوں سے روشناس کر و ایا اور ہم تمام تر سازشوں اور رکاوٹوں کے باوجود اس عظیم مشن کو جاری رکھیں گے کیونکہ ان اعلی فرائض کی انجام دہی کے راستے میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں بن سکتی:  انہوں نے کہا کہ   میرپور یونیورسٹی  کسی بھی ایسی سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گی جو تعلیمی عمل اور پرامن ماحول میں خلل ڈالیں اور اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے خلاف مجرمانہ سازشوں کی پشت پناہی کرنے اور پرتشدد سرگرمیاں کرانے والے عناصر کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ میرپور یونیورسٹی تعلیمی عمل، کیمپس کی حفاظت اور اپنے طلبا، فیکلٹی اور عملے کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے اور مسٹ  انتظامیہ یونیورسٹی کی مسلسل بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ادارے کی بہتری کے لیے اپنی کوششوں میں غیر متزلزل ہے