کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں دھماکے، ایک شخص جاں بحق ،کئی زخمی


 کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان کے تین شہروں کوئٹہ، ڈیرہ اللہ یار اور تربت میں دھماکے ہوئے ہیں جن میں ایک شخص جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہوگئے۔ الیکشن کمیشن نے دھماکوں کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ کوئٹہ شہر کے اسپنی روڈ پر زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی،

بعد ازاں سکیورٹی اور امدادی ادارے وہاں پہنچ گئے۔ فوری طور پر ایک شخص کے جاں بحق ہونے اور چند زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔اسی طرح تربت شہر میں غلام نبی چوک پر دستی بم کا دھماکا ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔تیسرا دھماکا ضلع جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر ہوا جہاں کریکر دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تینوں واقعات میں سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعات کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ دریں اثنا ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والے دھماکوں کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔