لاہور ہائیکورٹ کا پرائیویٹ سکولز کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے،بچوں کیلئے بسیں خریدنے کا حکم


لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ سکولز کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے اور نجی اسکولوں کو بچوں کیلئے بسیں خریدنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیلئے درخواستوں پر تحریری حکم جاری کر دیا ہے۔عدالت نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پرائیویٹ اسکولوں کی نئے سرے سے رجسٹریشن کرنے اور بچوں کے لیے بسیں خریدنے کی ہدایت ہے، پرائیویٹ اسکولوں کے 50 فیصد بچے گھر تا سکول ان بسوں پر سفر کریں گے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2 سال قبل محکمہ اسکول ایجوکیشن کو پرائیویٹ اسکولوں کیلئے بسیں خریدنے کا کہا گیا تھا لیکن محکمہ سکول ایجوکیشن نے اس حکم پر عملدرآمد نہیں کروایا۔

اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے اسلام آباد لاہور موٹر وے پر کھجور کے درخت لگانے سے روکتے ہوئے موٹروے، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے اور نیشنل ہائی وے اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ہدایات دیں۔لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ جوڈیشل ممبر کے مطابق چھتوں پر پودے لگانے کی مہم شروع ہو چکی ہے، کالجز کی چھتوں پر پودے اور گارڈن بنائے جا رہے ہیں۔عدالت نے جوہر ٹاؤن میں محکمہ ایل ڈبلیو ایم سی کو صفائی ستھرائی کے احکامات بھی جاری کئے اور حکم دیا کہ ایکسپو سینٹر کے گرد صفائی ستھرائی کے بعد پودے لگائے جائیں۔