مسجد سکول میں بچوں کو پہلی سے پانچویں کلاس تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ عارف علوی

کراچی+اسلام آباد  (صباح نیوز)صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں علمائے کرام کا مشاورتی اجلاس  ہوا۔ معاشرے میں تعلیم و صحت کے حوالے سے مساجد اور مدارس کے کردار پر مثبت  پیش رفت  ہوئی ہے ۔ اسلام آباد سے ترجمان وزرات مذہبی امور کی طرفر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر انیق احمد، مفتی منیب الرحمن، مولانا لیاقت حسین، علامہ رضی جعفر، مولانا یوسف قصوری، ڈاکٹر عبدالحئی، ڈاکٹر محسن نقوی، محکمہ صحت، وزارت مذہبی امور کے نمائندے شریک ہوئے۔

صدر عارف علوی  نے اس موقع پر کہا کہ   پڑوسی ملک میں سو فیصد بچے سکول جاتے ہیں،  یہاں 2کروڑ 62 لاکھ بچے سکول سے محروم ہیں:  مسجد سکول میں بچوں کو پہلی سے پانچویں کلاس  تک مفت تعلیم مہیا کی جائے گی۔معاشرے کے غریب اور نادار افراد مسجد کلینک سے مفت دوا  لیں گے، مسجد فری کلینک میں دانتوں کی صحت، الٹراساونڈ، ایکسرے، بلڈ پریشر ، شوگر کے ٹیسٹ مفت کیے جائیں گے۔ انیق  احمد نے کہا کہ مساجد انسان کو انسان سے جوڑتی ہیں،مثبت علمی مباحث اور دین سیکھنے کیلئے مساجد و مدارس کا کردار ناگزیر ہے۔ڈاکٹر محسن نقوی نے کہا کہ عوام الناس اپنے دینی مسائل  کے حل کیلئے مسجد سے تعلق مضبوط کریں۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ   وفاقی و صوبائی حکومتیں تمام مساجد و مدارس سے بھرپور تعاون کریں گی،معاشرے میں مساجد اور پیش اماموں کی اہمیت کو محسوس  کیا جانا چاہیے۔

مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی اور وزیر مذہبی امور انیق احمد کا اقدام لائق تحسین ہے، علامہ رضی جعفر  نے کہا کہ  تمام علمائے کرام  مسجد فری سکول اور مسجد فری کلینک  کی بھرپور تائید  کرتے ہیں۔ مولانا لیاقت حسین نے کہا کہ  فجر تا ظہر مساجد کا بہترین استعمال ہو گا۔مسجد کے تقدس  کو  پیش نظر رکھا جائے۔ مولانا یوسف قصوری نے کہا کہ  مدارس اور مساجد کے فلاحی کاموں   میں استعمال سے معاشرتی انقلاب آ سکتا ہے۔ ڈاکٹر عبد الحئی نے کہا کہ  نبی اکرم ۖ نے مسجد نبوی  کو کئی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ ڈاکٹر محسن نقوی نے کہا کہ   مساجد کے پیش امام حفظانِ صحت کے  اصولوں کو اجاگر کریں۔