اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلام آباد بلدیاتی انتخابات رولز کی عدم فراہمی پر الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد اور وزارت داخلہ کے نمائندے کو اگلے اجلاس میں طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کے تحت الیکشن کمیشن کو رولز فراہم نہیں کئے گئے، رولز نہ ملنے کے باعث اسلام آباد میں الیکشن میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں پر نظرثانی سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے رولز اور ضروری ترامیم کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی میں لوگوں کو مکمل آگاہی دیں، عام انتخابات 2023 سے پہلے تمام اہل ووٹرز کے ووٹ کا اندارج یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں حلقہ بندیوں کاعمل جاری ہے، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں بھی چند ضروری ترامیم درکار ہیں۔