نوشہرہ (صباح نیوز)تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے چیئرمین سابق پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ میرے مخالف امیدواروں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ عوامی فلاحی پروگراموں کیلئے کوئی خاطر خواہ منصوبہ،مخالفین ہماری عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ، عمران خان کو اپنا غرور لے ڈوبا نئے پاکستان بنانے والے عمران خان نے پیارے پاکستان کا ستیاناس کر ڈالا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکوڑہ خٹک کے نواحی علاقہ میاں رضوان کلے میں میاں نگیال کاکاخیل کے حجرے میں ایک بڑے شمولیتی تقریب و عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر امیدوار برائے حلقہ پی کے 86اسماعیل خٹک ، سابق صوبائی وزیر جان محمد خان خٹک کے فرزند وصال خان خٹک ، نگیال کاکاخیل اور دیگر معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ نواز شریف ، آصف زرداری اور عمران خان سمیت سب کے سب قومی مجرم ہے کیونکہ اربوں ڈالرز انہوں قرضے لیکر مہنگائی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے کیونکہ ان قرضوں پر سود اور قرضوں کو اتارنے کیلئے پھر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے شرائط بھی ماننے پڑتے ہیں اور آئی ایم ایف کی شرائط میں پہلی شرط ملک میں اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کی بات سرفہرست ہوتی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ قرضے پے قرضے لیکر ملک کے چند خاندان اور ان کے بچے عیاشیاں کر رہے ہیں جبکہ مہنگائی کا بوجھ ہم غریب عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے بس بہت ہو چکا اب ہم اسلام ، روٹی کپڑا اور مکان ، پختون اور تبدیلی کے نام پر دھوکہ نہیں کھائیں گے اسلام والوں کو اسلام آباد کی فکر ہوتی ہے ، روٹی کپڑا اور مکان والوں نے لوٹ مارکرکے تجوریاں بھری اور نئے پاکستان بنانے والے نے پیارے پاکستان کاستیا ناس کرڈالا ،بس نوشہرہ کے عوام نے یہ فیصلہ کردیا ہے کہ اپنے قیادت کو اسمبلی تک پہنچا کر اس صوبے کے حقوق کی بات کریں اور شہر کی ترقی کا سفر جاری و ساری ہواس لئے پگڑی کے نشان کو یاد رکھے، انہوں نے کہا کہ 8فروری کو جیت کی جشن پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے کارکن ہی منائیں گے ۔