صدر مملکت نے اپاسٹِل آرڈیننس 2024 جاری کردیا

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپاسٹِل آرڈیننس 2024 جاری کردیا جس کا مقصد غیرملکی عوامی دستاویزات کے لیے قانونی تصدیق کی پابندی ختم کرنا ہے۔ آرڈیننس پاکستان میں شہریوں اور بیرون ملک مقیم افراد کی سہولت کیلئے جاری کیا گیا، اس کا مقصد غیر ملکی عوامی دستاویزات سے متعلق 1961 کے ہیگ کنونشن کے تحت پاکستان کی ذمہ داریاں پوری کرنا ہے یہ کنونشن بیرون ملک عوامی دستاویزات کے استعمال کیلئے قانونی تصدیق/توثیق میں چھوٹ فراہم کرتا ہے۔وفاقی کابینہ نے مارچ 2022 میں اپاسٹل کنونشن سے پاکستان کے الحاق کی منظوری دی تھی، اپاسٹل کنونشن مارچ 2023 سے پاکستان کے لئے لاگو ہوا تھا، صدر مملکت نے آرڈیننس وزیراعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 89 (1) کے تحت جاری کیا۔