کراچی(صباح نیوز)گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ مختصر عرصے میں شہریوں کو تبدیلی واضح طور پر نظر آئے گی گلشن اقبال کے پارکس آباد ہورہے ہیں اور اسٹریٹ لائٹس روشن ہو رہی ہیں ۔ کچرا اٹھانے اور صفائی کا کام بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا ہے جس کی وجہ سے منتخب نمائندوں کو مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود ٹاؤن کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ سرکلر ریلوے کے تعمیراتی کام کی وجہ سے بند غزالی مسجد روڈ کو ہموار کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے گلشن اقبال بلاک 13 اے میں مولانا محمد علی جوہر پارک گلشن اقبال بلاک 5 میں پروفیسر محمد شفیع ملک پارک بلاک 6 میں غزہ پارک بلاک 7 میں جمشید انصاری پارک کو تزئین وآرائش کے بعد عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ بلاک 4 میں احمد سعید پارک کی بحالی کا کام جاری ہے جسے اگلے ماہ تزئین و آرائش کے بعد کھول دیا جائے گا ڈاکٹر فواد نے میڈیا کے ہمراہ پارکوں کا طویل دورہ کیا اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں پارکس کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔