لاہور،پشاور(صباح نیوز)بالائی سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی شدید دھند چھائی رہی ،موٹرویز کو مختلف مقامات پربند کردیا گیا،دھند کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے، مزید 19 پرواز منسوخ کرنا پڑ گئیں جبکہ 5کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک اور موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ہیوی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ، موٹروے ایم 3 فیض پور سے سمندری اور لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی ٹریفک کے لئے بند کی گئی۔حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، مسافروں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی جس کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔
سید عمران احمد نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 130 یا ٹوئٹر سے مدد لی جا سکتی ہے۔