ڈ یرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) پولیس چیک پوسٹ کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 2 مزدور جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گرہ حیات میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس میں 2 مزدور جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے چاروں افراد مزدور تھے جو کھیتوں میں کام کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ڈی آئی خان میں آئل اینڈ گیس کمپنی کی سیکورٹی گاڑی پر حملے میں ایف سی کے 3 اہل کار زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حملہ ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں بھی ڈی آئی خان میں مغل کوٹ تھانہ تحصیل درازندہ دوماندہ چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاصہ دار پولیس کے 2 اہل کار زخمی ہو گئے تھے۔