پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ اگلے 10 دنوں میں کریں گے، بابر اعوان


 اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ انتخابی ریفارمز کے بعد عدالتی اصلاحات کے لیے بھی اپوزیشن کا تعاون چاہیے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس 5 نومبر کی صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا، جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے ایجنڈا رکھیں گے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ اگلے 10 دنوں میں کریں گے۔ انتخابی اصلاحات کے حوالے سے دو بل مشترکہ اجلاس میں لائیں گے۔ عالمی عدالت انصاف اور لا ریفارمز سے متعلق بلز بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی ریفارمز کے بعد عدالتی اصلاحات کے لیے بھی اپوزیشن کا تعاون چاہئے، اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ قومی ایجنڈے پر اپنا کردار ادا کریں، ہم اپوزیشن کی بات کھل کر سننے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی مغربی سرحد کی صورتحال پر پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بلا رہے ہیں، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کو ہول کمیٹی کا درجہ دیا گیا ہے، پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں تمام پارلیمانی لیڈر بھی شریک ہوں گے اور سکیورٹی اداروں کے حکام افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔