مریم صفدر اور بلاول زرداری بھی اپنی پارٹی کے اکاؤنٹس پبلک کریں، فرخ حبیب


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے   الیکشن کمیشن کی  اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سے ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی۔ اکبر ایس بابر ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ فارن فنڈنگ کا الزام لگانے والے معافی مانگیں۔

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے باہر مریم صفدر نے کہا باہر سے فارن فنڈنگ آئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شفافیت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا الزام لگانے والے معافی مانگیں۔ رپورٹ میں کہاں لکھا ہے کہ پی ٹی آئی کو بھارت سے فنڈنگ ہوئی اور فارن فنڈنگ کے حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ   الیکشن کمیشن کی  اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سے ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں کوئی چیز ثابت نہیں ہوئی۔ اکبر ایس بابر ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکے۔انہوں نے کہا کہ 30،31 کروڑ روپے کی ڈبل انٹریاں ہوئی ہیں جبکہ مریم صفدر اور بلاول کو چیلنج کرتا ہوں کہ سامنے آئیں اور اپنے اکانٹس ثابت کریں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بھون داس کون ہیں جس کے اکانٹ میں بھاری رقم منتقل ہوئی جبکہ مریم صفدر اور بلاول زرداری بھی اپنی پارٹی کے اکاونٹس پبلک کریں۔ اسکروٹنی کمیٹی کا ایک رکن ریٹائر ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے خط لکھا جائے گا۔ اکبر ایس بابر ن لیگ کے ایزی لوڈ پر معاملہ دیکھ رہے ہیں۔