اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے سوگوار خاندانوں کو ٹیلی فون کئے اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے شمالی وزیرستان، باجوڑ اور ضلع کرم میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان سے تعزیت کا اظہارکیا۔ انہوں نے 20 اکتوبر کو باجوڑ میں دھماکے میں شہید ہونے والے لانس نائیک مدثر ، سپاہی جمشید خان اور سپاہی صمد خان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔
صدر مملکت نے 26 اکتوبر کو ضلع کرم میں فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے سپاہی اسد اور سپاہی آصف کے ورثا سے بھی گفتگو کی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے 26 اکتوبر کو شمالی وزیرستان میں دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی رمضان خٹک اور سپاہی روحیل حسین کے اہلِ خانہ سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
صدر مملکت نے وطن کی خاطر شہدا کی خدمات اور عظیم قربانی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔