تعلیم انسان کو شعور اور آگاہی فراہم کرتی ہے؛راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کر کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہمارے ہونہار طلبا وطالبات ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کالج گوجر خان کے پہلے کانوکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ ہونہار طلبا و طالبات کا زیور تعلیم سے آراستہ ہونا خوشی کی بات ہے۔طلبا وطالبات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا وطالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔تعلیم انسان کی زندگی کو نکھارتی ہے۔تعلیم انسان کو شعور اور آگاہی فراہم کرتی ہے۔مجھے بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ ہوتے ہوئے دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے۔کثیر تعداد میں طالبات کا ڈگریاں حاصل کرنا خوش آئند ہے۔ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ ضروری ہے۔گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبا وطالبات نا صرف گوجر خان بلکہ پورے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پنجاب کالج گوجر خان نے بہت کم وقت میں اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔گوجر خان کے ہونہار طلبا وطالبات کا نمایاں پوزیشنز حاصل کرنا میرے لیے باعث مسرت ہے۔گوجر خان کے ہونہار طلبا وطالبات نے گوجر خان کا نام فخر سے بلند کیا ہے،انہوں نے کہا کہ نیک نیتی اور مصمم ارادے سے آپ کامیابی کی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں۔پاکستان کو اللہ تعالی نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے۔پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قابل طلبا و طالبات کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

ملک خداداد کو چیلینجز سے نکالنے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب کالج گوجر خان کے پہلے کانوکیشن میں گریجویشن میں مختلف شعبوں میں ڈگری حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کی ڈگریوں کو کنفرم کیا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا وطالبات میں اسناد تقسیم کیے اور انعامات سے نوازا۔