کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اہل بلوچستان نے بار بارسب پارٹیوں کو اسلام وقومیت اور نیا پاکستان ،قرض ا تارو کے نام پر ووٹ دیکر کامیاب کیا بدقسمتی سے کامیابی کے بعد وہ لوگ تو کامیاب ومالامال ہوئے مگر عوام کو بدحال کر دیا پارٹیوں کو پراپرٹی بنانے والے کبھی بھی عوام سے مخلص نہیں ہوسکتے۔جماعت اسلامی کے نامزدامیدوارالیکشن میں کامیاب ہوں گے تو عوام کو حقوق میسر ہوگی مسائل حل ہوں گے اور حقیقی اسلامی تبدیلی آئیگی بلوچستان خوشحال ہوگا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے وفودسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ قوم ملک کو معاشی ،اخلاقی ،مالی بحران سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کاانتخاب کرے، عوام ہمیں ووٹ دے کر کامیاب کرائے، تو ہم انھیں ایسا پاکستان دیں گے جس پر پوری امت فخر کرے گی۔ موجودہ الیکشن میں بھی وہی لوگ جھوٹے وعدے کر رہے ہیں جو عرصہ دراز سے عوام پر مسلط ہیں، خاندانوں کی حکمرانی چاہنے والے ملک میں جمہور کی حکمرانی نہیں چاہتے، باریاں لگانے والوں کی باری ختم، اب عوام کی باری آئے گی۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی اورقومیت ومذہب کے نام پر سیاست کرنے والوںکی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں انھوں نے سالہاسال کئی دہائیوں سے صوبوںاور مرکز میں حکومت کی ہے، یہ ایک بھی عوامی مسئلہ بتائیں جو حل کیا ہو۔
بلوچستان میں وسائل کی کمی نہیں۔ بلوچستان کا اصل مسئلہ کرپشن ،لاپتہ افراد،حقوق سے محرومی اور بیڈ گورننس ہے، ملک میں سالانہ پانچ ہزار ارب کی کرپشن ہوتی ہے بلوچستان اس میں سرفہرست ہے، پاکستان 80ہزار ارب کا مقروض ہے، حکمرانوں نے قوم کو آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں پہنائیں، قرضہ لے کر صاحبانِ اقتدار کھا گئے اور وصولی کے لیے عوام کا خون چوساجا رہا ہے، انہی حکمرانوں نے آئی پی پیز کے مہنگے معاہدے کر کے بجلی کی فی یونٹ قیمت 50 روپے تک کر دی، ان کی وجہ سے پونے تین کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، لاکھوں نوجوان بے روزگار، 90لاکھ نشے کے عادی ہو گئے، جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں، ہمیں اقتدار ملا تو ہم پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار دیں گے،
انھیں سرکاری زمینیں دیں گے، خواتین کے لیے الگ یونیورسٹیاں بنائیں گے، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دی جائے گی، ہم کشمیریوں اور فلسطینیوں کا مقدمہ پوری مضبوطی سے لڑیں گے۔ بلوچستان پر مسلط خاندان نے شہر کی تاریخی اور تہذیبی شناخت مسخ کر دی، صوبائی دارالحکومت کی گلیاں، کوچے، بازار گندگی کا ڈھیر ہیں، سڑکیں تباہ حال اور لوگ پھیپھڑوں میں زہر بھر رہے ہیں، حکمرانوں کی ناہلی بدعنوانی کی وجہ سے کوئٹہ آلودہ ،پسماندہ وگندہ شہر بن چکا ہے۔ زندہ دلان لاہور جماعت اسلامی کے امیدوار کو ووٹ دیں، ہم شہر کو عظیم صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔
کوئٹہ بلوچستان بدل رہا ہے، اہل بلوچستان جاگ گئے ہیں اور جب عوام جاگے گا تو بلوچستان خوشحال ہوگا پاکستان ایک ایسا ملک بنے گا اسلامی قانو ن کے مطابق زندگی گزاریں گے عدل وانصاف کا سلامی نظام ہی وقت کی اہم ضرورت ہے حکمران پارٹیوں نے غزہ کے بارے میں ایک لفظ نہیں کہا، یہ امریکا سے خوفزدہ ہیں، غزہ پر 83روز سے بمباری ہو رہی ہے، ہماری مائوں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پاکستانی حکمران بزدل ہیں، مگر پاکستانی شیردل قوم ہے، یہی موقع ہے عوام 8فروری کو آزمودہ پارٹیوں کے لیے یوم حساب بنادیں