میڈیا کے لئے انتہائی گھٹن کا ماحول ہے ۔سی پی این ای

لاہور(صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز نے میڈیا کی آزادی کے مخدوش صورتحال کے باعث موجودہ حالات کو انتہائی گھٹن زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافتی حلقے بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ آزادی اظہار رائے پر بھی سمجھوتا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سی پی این ای پنجاب کمیٹی کے چیئرمین ایاز خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف اور سیکریٹری جنرل اعجازالحق سمیت پنجاب بھر کے اخبارات و جرائد کے مدیران نے شرکت کی۔ جبکہ اس موقع پر محکمہ اطلاعات پنجاب کے سیکریٹری دانیال گیلانی بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ اجلاس میں آزادی صحافت، آزادی اظہار اور اخباری اداروں کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں عام انتخابات کے تناظر میں صحافیوں پر یکطرفہ رپورٹنگ کے لئے دبا ڈالنے، صحافیوں کے اغوا اور پرتشدد واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف نے کہا کہ ہم نے اور ہمارے سینئرز نے ڈکٹیٹرشپ کا بھی سامنا کیا اور ہم آج بھی ان تمام سختیوں سے نمٹ رہے ہیں۔ جب سے پاکستان بنا ہے عوام نے صحیح طریقے سے آزادی اظہار کو دیکھا ہی نہیں۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سی پی این ای کی مشاورت سے کولیشن فار فری میڈیا کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں جس کا مقصد آزادی اظہار رائے کے فروغ اور میڈیا وار کے تحت مسلط کردہ گھٹن زدہ ماحول سے باہر نکلنے کا راستہ تلاش کرنا ہے کیونکہ سائفر کیس میں بھی اخبارات و جرائد میں کوریج پر پابندی لگا دی گئی لیکن سی پی این ای اور ایمینڈ نے اپنی تمام تر کوششوں سے اسے روکا۔ کمیٹی کے چیئرمین ایاز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اخبار جو بھی لکھتا ہے وہ تاریخ بنتی ہے۔ اخبار کی اہمیت کم نہیں ہو سکتی، ٹی وی اور انٹرنیٹ کا اپنا کردار ہے لیکن اخبارات کی اہمیت اور تاریخ پر کسی کو فوقیت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سیاسی جماعتیں بھی اس وقت پسند و نا پسند کی بنیاد پر میڈیا ہاؤسز کا انتخاب کر رہی ہیں۔ اجلاس میں کے سیکریٹری اطلاعات پنجاب دانیال گیلانی نے کہا کہ اخباری اداروں کے بقایاجات پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، نگراں وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر آن لائن سسٹم پر بہت تیزی سے کام ہو رہا ہے، ایک ماہ کے اندر اندر ہم اشتہارات اور ریکوری کے سسٹم کو آن لائن کر دیں گے۔ اخبارات کی ریکوری پر انتہائی سخت احکامات ہیں، اخبارات کے اشتہارات کی منصفانہ تقسیم پر بھی کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں جوائنٹ سیکریٹری ضیا تنولی، انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر زبیر محمود، سینئر اراکین کاظم خان، تنویر شوکت، بابر نظامی، وقاص طارق فاروق، عرفان اطہر قاضی، محمد اویس رازی، احمد شفیق، توفیق الرحمان سیفی، سید مصور علی زنجانی، محمد اسلم میاں، نجم ولی خان، بلال اسلم، عثمان غنی سیفی، اور فہد صفدر خان و دیگر نے شرکت کی۔