لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن اور حمزہ فاؤنڈیشن کی معاونت سے خصوصی افراد کے لیے انکلوسیویٹی ڈرائیو جاب فئیر فار پرسن ود ڈسیبلٹیز کا انعقاد کیا گیاجس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدرڈاکٹرمشتاق مانگٹ، ڈائریکٹرحمزہ فاؤنڈیشن، زینب خان،ڈائریکٹرجنرل سپیشل ایجوکیشن پنجاب شاہدہ فاروق، سینئرسرکاری اہلکار، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی کمپنیز سمیت دیگرشعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا جاب فئیرمنعقدکرنے کامقصدعام افراد کی طرح خصوصی افراد کو بھی مساوی مواقع فراہم کرنا ہے،تاکہ خصوصی افراد کی معاشی ومعاشرتی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے۔نائب صدر الخدمت نے کہا خصوصی افراد کوالخدمت بپلیٹ فارم مہیاکر رہی ہے ، جس کا مقصد خصوصی افراد کو آئی ٹی کی جدید تعلیم اور ہنرسے آراستہ کرنا ہے تاکہ انہیں معاشرے میں بہتر مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے ، ان کامزید کہنا تھا کیالخدمت فاؤنڈیشن کو اب تک خصوصی افرادکی جانب سے سینکڑوںسی ویز موصول ہوچکی ہیں جس پر انھوں نے اس عزم کا اظہارکیا کے الخدمت اپنی پارٹنر کمپنیز کیساتھ مل کر ان تمام خصوصی افراد کو نوکریاں حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ ڈائریکٹر حمزہ فاؤنڈیشن زینب خان کا کہنا تھا،حمزہ فاؤنڈیشن خصوصی افراد کو با اختیار بنانے، تعلیم اور روزگار تک رسائی دلانے کے لیے کام کرتا آ رہا ہے۔
انھوں نے کہاکہ حمزہ فاؤنڈیشن ان تمام کمپنیوں کا شکر گزار ہے جنہوں نے خصوصی افراد کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون کیا۔ جاب فئیر کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرسپیشل ایجوکیشن پنجاب شاہدہ فاروق نے کہا، خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں جو کہ ملکی معیشت میں با معنی حصہ ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ خصوصی افراد کے لیے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جاب فئیر ہے ایسی تقریبات کے انعقاد سے خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی ہوگی۔تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی نے جاب فئیر میں شرکت کرنے والی معاون کمپنیوں کے نمائندوں اور والنٹیرز کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز سے نوازا۔